کراچی(نیوز ڈیسک)سہ فریقی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور محمد حسنین کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستانی بیٹر بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ میں 6 ہزار رنز مکمل کرلیے۔بابراعظم نے آج کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں تین ملکی سیریز کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 10 واں رن لے کر یہ سنگِ میل عبور کیا۔یوں اب بابر اعظم مشترکہ طور پر تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے والے پلیئر بن گئے ہیں، انہوں نے 123 اننگز میں 6 ہزار رنز بنا کر ہاشم آملہ کا ریکارڈ برابر کیا ہے۔بابراعظم یہ کارنامہ انجام دینے والے تیز ترین ایشین بھی ہیں کیونکہ بھارت کے ویرات کوہلی نے 136 اننگز میں 6 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔علاوہ ازیں بابر اعظم 6 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے 11 ویں پاکستانی بیٹر ہیں۔بابر اعظم سے قبل انضمام الحق، محمد یوسف، سعید انور، شاہد آفریدی، شعیب ملک، جاوید میانداد، یونس خان، سلیم ملک، محمد حفیظ اور اعجاز احمد بھی 6 ہزار ون ڈے رنز بنا چکے ہیں
واضح رہے کہ بدھ کو سہ ملکی سریز کے اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلےگئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلےکھیلتے ہوئے پاکستان کو 353 رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے محمد رضوان اور سلمان آغا کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 اوور میں پورا کرلیا۔