اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کے وفد نے پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے اشاریوں کی تعریف کی ہے، ہم مل کر کام کریں گے تو معاشی ترقی میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گیلپ سروے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کا بتایا گیا۔ یہ بالکل درست ہے کہ آگے بڑھنے کے لیے ملک میں سازگار حالات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے، کیونکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اس کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ میں نے گزشتہ دنوں لاہور میں لیفٹیننٹ حسن اشرف شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی، جو فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوا، لیکن اس دوران اس نے 6 خوارج کو ہلاک کیا۔
انہوں نے کہاکہ ہم ترکیہ کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے پر کام کررہے ہیں، ترک صدر نے ہمیشہ دل کھول کر پاکستان کا ساتھ دیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے اسلام آباد میں رجب طیب اردوان انٹرچینج کا افتتاح کیا ہے، جو ایک یادگار کے طور پر قائم رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ ترکیہ کے صدر نے ہمیشہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے آواز بلند کی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔