اسلام آباد(نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی جبکہ کالام میں برف باری، آسمان سے گرتے گالوں سے نظارے حسین ہوگئے، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
بلوچستان میں داخل ہونے والے مغربی سلسلے کے تحت کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش جبکہ زیارت اور گردونواح میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا سلسلہ آج صبح سے شروع ہوا جو تاحال جاری ہے، برفباری کے باعث وادی زیارت نے سفید چادر اوڑھ لی۔زیرو پوائنٹ، چکور تنگی، ملی گٹ اور سڑی کے مقام پر بھی برفباری جاری ہے، برف باری کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔کوئٹہ اور گردونواح میں رات گئے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے ساتھ ہی خنکی میں بھی اضافہ ہوگیا۔شہر و اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ شہر کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جو اگلے 12 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔سبی شہر اور گردونواح میں موسم بہار کی پہلی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس موسم سرد ہوگیا۔مستونگ شہر و گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ شام یا رات میں راولپنڈی، جہلم، منگلا، اٹک، سرگودھا، میانوالی، بھکر، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔